لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں معیارِ تعلیم بہتر بنانے، جدید تعلیمی نظام کے فروغ اور محکمہ تعلیم کے ساتھ اشتراکِ کار بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے وفد نے پنجاب میں تعلیم کے شعبے کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ وفد نے نواز شریف سکول آف ایمیننس پراجیکٹ کو بھی قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے پنجاب حکومت کے ساتھ فروغِ تعلیم کے لیے بھرپور تعاون کی پیشکش کی، جس کا وزیراعلیٰ مریم نواز نے خیرمقدم کیا۔ملاقات میں پنجاب کے محکمہ تعلیم اور آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس سلسلے میں نواز شریف سکول آف ایمیننس میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے نصاب کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی جانب سے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے ڈیجیٹل ٹریننگ پروگرام، کیپسٹی بلڈنگ، ٹیچنگ گائیڈز اور دیگر تعلیمی امور میں معاونت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی گئی۔وفد نے نواز شریف سکول آف ایمیننس کے تعلیمی معیار کو انتہائی اعلیٰ قرار دیتے ہوئے اس منصوبے کی تعریف کی۔ وفد کے مطابق جدید تعلیمی تقاضوں کے مطابق معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے ایسے منصوبے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ سمیت دیگر صوبوں کے عوام کی بھی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور سندھ کے عوام کو درپیش مشکلات کو وہ دل سے محسوس کرتی ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں تعلیمی معیار میں بہتری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اب والدین سرکاری سکولوں میں اپنے بچوں کے داخلے کے لیے کوشش کرتے نظر آتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت صوبے میں معیاری اور جدید تعلیم کے فروغ کے لیے مزید اقدامات جاری رکھے گی تاکہ سرکاری تعلیمی اداروں میں طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات اور مواقع فراہم کیے جا سکیں۔