حکومت گندم کا ریٹ مقرر،گنے کے بقایا جات ادا،بجلی بلز کا فرانزک آڈٹ کرے : کسان اتحاد

 عید کے بعد دما دم مست قلند رکسانوں کا الٹی میٹم
حکومت ایران سے سبزیاں اور پھل نہ منگوائے،کسانوں کو فصلوں کیلئے صرف 2 گھنٹے بجلی دی جا رہی ، گندم، گنا، چاول، مکئی، جو، سرسوں، کپاس اور مختلف قسم کی سبزیوں کا ریٹ مناسب نہیں ملا ، چیئرمین خالد باٹھ کی پریس کانفرنس 
 اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) کسان اتحاد نے مطالبات منظوری کیلئے عید کے فوری بعد ملک گیر احتجاج کی دھمکی دے دی ، کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین باٹھ نے کہا کہ اگر گندم کا ریٹ مقرر نہ کیا گیا، گنے کے بقایا جات نہ دئیے گئے اورکسانوں کیبجلی کے بلوں کافرانزک آڈٹ نہ کیا گیا تو عید کے فوراً بعد ملک گیر احتجاج کریں گیاورجب تک مطالبات منظور نہ ہوئے واپس نہیں جائینگے، ایران سے سیب منگوانا بلوچستان کے کسانوں کے حق پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہے، حکومت ایران سے سبزیاں اور پھل نہ منگوائے ، کسانوں کو فصلوں کیلئے صرف 2 گھنٹے بجلی دی جا رہی ہے جو کہ نا کافی ہے، حکومت نے کسانوں کو مزید نظر انداز کیا اورانکے مسائل حل نہ کئے تو ملک میں زرعی پیداوار میں نمایاں کمی آئے گی اوریہ صورتحال پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج بن جائے گی نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد حسین باٹھ کا مزیدکہنا تھاکہ گزشتہ چھ سے سات فصلوں کا کسانوں کو مناسب ریٹ نہیں ملا، جن میں گندم، گنا، چاول، مکئی، جو، سرسوں، کپاس اور مختلف قسم کی سبزیاں شامل ہیں، حکومت 1 ارب روپے کی گندم باہر سے منگوانے جا رہی ہے، شوگر ملز مافیا نے اپنی مرضی سے گنے کا ریٹ 400 روپے فی من مقرر کیالیکن عملی طور پر کسانوں سے 250 سے 350 روپے تک گنا خریدااب یہی مافیا عوام کو مہنگے داموں چینی فروخت کر رہا ہے ۔