کپاس پیداوارمیں کمی، وزیر اعظم کا اظہار تشویش‘15 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی

اسلام آباد(آن لائن)ملک میں کپاس کی پیداوار تیزی سے کم ہونے لگی ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کاٹن کی تیزی سے گرتی پیداوار پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کپاس کی فصل کو سہارا دینے کے لیے 15 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی کی سربراہی میں کمیٹی فصل کی بحالی کے لیے 30 دن میں تجاویز دے گی۔پیپلز پارٹی کے حیدرآباد سے رکن قومی اسمبلی حسین طارق جاموٹ، لمز سے ڈاکٹر احسن رضا، سابق وزیر اور سابق چیئرمین پی اے آر سی کمیٹی میں شامل کئے گئے ہیں اور بحالی کپاس کمیٹی کا پہلا اجلاس 13 مارچ کو بلا لیا گیا۔ کمیٹی بین الاقوامی معیارات، آلودگی کے پیرامیٹرز کا جائزہ لے گی ۔روئی کی گانٹھوں کی مناسب درجہ بندی اورمعیاری بنانے کے لیے سفارشات تیار ہونگی ۔کمیٹی ملک بھر میں کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے تکنیکی تجاویز بھی پیش کرے گی۔کپاس کے ماہر، ٹیکسٹائل صنعت اور اپٹما کے سابق چیئرمین بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے کپاس کے کاشتکار،پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے محکمہ زراعت کے سیکرٹریز شامل ہوں گے۔