سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں ایک بار پھر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد قیمتیں نئی نچلی سطحوں پر آ گئی ہیں۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 126 ڈالر 27 سینٹس کی بڑی کمی کے بعد 4 ہزار 200 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر ڈالر کی مضبوطی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری میں کمی کے باعث سونے کی طلب متاثر ہوئی ہے، جس کا براہِ راست اثر قیمتوں پر پڑا۔عالمی مارکیٹ میں کمی کے اثرات پاکستان کی صرافہ مارکیٹ پر بھی واضح طور پر نظر آئے۔ مقامی سطح پر 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 12 ہزار 627 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 42 ہزار 436 روپے ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح 10 گرام سونا بھی 11 ہزار 364 روپے سستا ہوا اور نئی قیمت 3 لاکھ 78 ہزار 170 روپے تک پہنچ گئی۔
صرف سونا ہی نہیں بلکہ چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔ فی تولہ چاندی 385 روپے کمی کے بعد 6 ہزار 929 روپے پر آ گئی، جبکہ 10 گرام چاندی 352 روپے سستی ہو کر 5 ہزار 893 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی رواں ہفتے کے دوران سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان دیکھا گیا تھا۔ 6 جون کو عالمی مارکیٹ میں سونا 124 ڈالر فی اونس جبکہ مقامی سطح پر 12 ہزار 489 روپے فی تولہ سستا ہوا تھا۔ اس کے بعد پیر کے روز بھی عالمی اور مقامی مارکیٹ میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سونے کی قیمتیں مسلسل دباؤ میں ہیں۔