تشدد، فراڈ اور مالی تنازعات کی درخواستوں پر فوری کارروائی کی ہدایت
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی درخواستوں پر براہِ راست شنوائی کی۔ شہریوں کی جانب سے لین دین، فراڈ، تشدد اور دیگر نوعیت کی درخواستیں موصول ہوئیں۔ فیصل کامران نے پولیس سے متعلقہ معاملات پر افسران کو میرٹ کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی، جبکہ شہریوں کو کیسز کی نوعیت کے مطابق متعلقہ فورمز کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ کھلی کچہری میں خواتین پر سسرالیوں کی جانب سے تشدد کی شکایات پر ایس ایچ او مصری شاہ اور کوٹ لکھپت کو شواہد کی روشنی میں کارروائی کی ہدایت دی گئی۔ ایک شہری کی رشتہ داروں کے خلاف چیک بک چوری کرنے اور چیک کے غلط استعمال کی درخواست پر ایس ایچ او مصری شاہ کو وقوعہ کی تصدیق کے بعد کارروائی کا حکم دیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے پلاٹ کی زمین پر تعمیرات کے تنازع اور فریقین کی جانب سے حکمِ امتناعی حاصل کرنے کے معاملے پر ایس ایچ او ہنجروال کو مصالحت کروانے کی ہدایت کی۔ اسی طرح چیک ڈس آنر کی درخواست پر ایس ایچ او مانگا منڈی کو قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا گیا۔ ایک شہری کی ادھار کی رقم ادا کرنے کے باوجود مزید رقم مانگنے اور گالم گلوچ کی شکایت پر ایس ایچ او سندر کو جانچ پڑتال کے بعد کارروائی کی ہدایت کی گئی، جبکہ ادھار کی رقم کا کچھ حصہ ادا کرنے کے باوجود ملازمین پر تشدد کی شکایت پر ڈی ایس پی کاہنہ کو انکوائری کا حکم دیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے وراثتی دکان پر چچا کے مبینہ قبضے کی درخواست پر ایس ایچ او گلشن راوی کو خود سماعت کرکے مصالحت کروانے کی ہدایت کی۔ فیصل کامران نے کہا کہ تھانوں کی سطح پر شہریوں کے مسائل کا حل اولین ترجیحات میں شامل ہے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں اور میرٹ کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔