لاہور کے علاقے ڈیفنس سی ے آمنہ چوک کے قریب پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق معمول کی گشت کے دوران دو مشتبہ موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس ٹیم پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے فوری طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تعاقب کیا، جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مقابلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں پایا گیا، جو مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آ گیا تھا۔ایس پی کینٹ کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کی شناخت اسامہ کے نام سے ہوئی ہے، جو پولیس ریکارڈ کے مطابق 50 سے زائد مقدمات میں مطلوب یا مختلف وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
دوسرا ملزم اندھیرے اور فائرنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔زخمی ملزم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔