شاہدرہ میں پولیس مقابلہ، مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، ساتھی فرار

شاہدرہ میں پولیس مقابلہ، مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، ساتھی فرار

لاہور کے علاقے شاہدرہ میں سنیپ چیکنگ کے دوران پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد پولیس نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق شاہدرہ چوکی بیگم کے اہلکار سنیپ چیکنگ میں مصروف تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے رکنے کے بجائے اہلکاروں پر مبینہ طور پر سیدھی فائرنگ شروع کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا، جبکہ ملزمان کی جانب سے مبینہ طور پر مسلسل فائرنگ کی جاتی رہی۔ کچے راستے پر تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل سوار ملزمان اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور موٹر سائیکل سمیت گر گئے۔پولیس کے مطابق ملزمان کے گرنے کے بعد ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی مبینہ فائرنگ سے زخمی ہوگیا، جسے پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جبکہ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

ایس پی سٹی کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کی شناخت ذیشان عرف شانی کے نام سے ہوئی ہے، جو ڈکیتی، چوری اور چھینا جھپٹی سمیت 38 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے دورانِ تفتیش گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہونے والی 10 سے زائد مزید وارداتوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔پولیس نے ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی ہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ فرار ہونے والے ساتھی کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔