غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والے افراد پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں:ڈی جی ایف آئی اے کی قائمہ کمیٹی اجلاس میں بریفنگ
قائمہ کمیٹی اجلاس میں غیر قانونی امیگریشن، پاسپورٹ پالیسی اور فوجداری قوانین میں مجوزہ اصلاحات پر بریفنگ
اسلام آباد (آئی این پی)قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے 10 ہزار پاکستانی اسٹوڈنٹ ویزا پر برطانیہ گئے اور وہاں جاکر پناہ مانگ لی۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ایم این اے راجہ خرم نواز کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں غیرقانونی امیگریشن، پاسپورٹ پالیسی اور فوجداری قوانین میں مجوزہ اصلاحات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے دوران ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والے افراد پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں ۔ یورپی یونین سمیت متعدد ممالک نے اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ معاملہ اٹھایا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 580 پاکستانی بیلاروس گئے لیکن واپس نہیں آئے جبکہ برطانیہ میں 10 ہزار پاکستانیوں نے اسٹوڈنٹ ویزے پر جانے کے بعد سیاسی پناہ کی درخواست دے دی۔