بھارت کے معروف سوسنتا رے ویکس میوزیم، مغربی بنگال میں امریکی خلاباز سنیٹا ولیمز کے مومی مجسمے کی شاندار رونمائی کی گئی، جسے دیکھنے کے لیے زائرین کی بڑی تعداد عجائب گھر کا رخ کر رہی ہے۔
سنیٹا ولیمز، جن کا آبائی تعلق بھارت سے ہے، بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر طویل قیام اور خواتین میں سب سے زیادہ اسپیس واک کا ریکارڈ رکھنے والی معروف امریکی خلاباز ہیں۔ ان کی سائنسی خدمات کے اعتراف میں انہیں مومی مجسمے کی صورت میں امر کر دیا گیا ہے۔اس مجسمے کو معروف فنکار سوسنتا رے نے تیار کیا، جنہوں نے بتایا کہ انہیں یہ خیال سنیٹا کی خلا سے واپسی پر آیا۔ ان کے مطابق:"سنیٹا ہماری نوجوان نسل کے لیے سائنس اور خلائی تحقیق میں دلچسپی کا باعث بن سکتی ہیں۔"مجسمہ تیار کرنے میں دو ماہ کا وقت لگا۔ سب سے بڑا چیلنج خلائی لباس حاصل کرنا تھا، جو امریکا سے تقریباً 10 ہزار روپے میں منگوایا گیا، اس عمل میں جے پور ویکس میوزیم کے ڈائریکٹر نے معاونت کی۔ مجسمہ سنیٹا کے قد، چہرے کے خدوخال اور جسمانی حرکات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔
رونمائی کے بعد ویکس میوزیم میں لوگوں کا رش بڑھ گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر تصویریں اور ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں اور سب سے زیادہ تعریف مجسمے کی حقیقی مشابہت اور سنیٹا کی مسکراہٹ کو دی جا رہی ہے۔اس عجائب گھر میں اس سے قبل بھی کئی مشہور شخصیات کے مومی مجسمے نصب ہیں، جن میں شاہ رخ خان، سشانت سنگھ راجپوت، ویرات کوہلی، مہاتما گاندھی اور امیتابھ بچن شامل ہیں۔