پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح 168,990 پوائنٹس پر بند

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح 168,990 پوائنٹس پر بند

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) نے کاروباری ہفتے کے اختتام پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کو ایک اور بڑی خوشخبری دی۔

ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں 6 ہزار 733 پوائنٹس کا زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں انڈیکس 4.15 فیصد اضافے کے ساتھ 168,990 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔اس عرصے میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، اور صرف ایک ہفتے کے دوران 7.90 ارب سے زائد حصص کا لین دین ہوا، جن کی مجموعی مالیت 360 ارب روپے سے زیادہ رہی۔ شئیرز کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے باعث مارکیٹ کی مجموعی مالیت (مارکیٹ کیپٹلائزیشن) میں بھی 618 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو بڑھ کر 19,660 ارب روپے کی تاریخی سطح پر پہنچ گئی۔ماہرینِ معیشت کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں اس شاندار تیزی کی بڑی وجوہات میں سیاسی استحکام، شرحِ سود میں ممکنہ کمی کی توقعات اور حکومتی مالیاتی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کا بڑھتا اعتماد شامل ہے۔

دوسری جانب مالیاتی شعبے میں حکومتِ پاکستان نے ٹریژری بلز (T-Bills) کی نیلامی کے ذریعے 696 ارب روپے کا قرض حاصل کیا ہے، جو ماہرین کے مطابق قلیل مدت میں مالیاتی دباؤ کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو 100 انڈیکس آئندہ دنوں میں 170,000 پوائنٹس کی سطح کو بھی عبور کر سکتا ہے، بشرطیکہ سیاسی اور معاشی استحکام کا تسلسل برقرار رہے۔