برطانیہ میں اسرائیلی بحریہ اور کمانڈر کے خلاف جنگی جرائم کی قانونی کارروائی شروع

برطانیہ میں اسرائیلی بحریہ اور کمانڈر کے خلاف جنگی جرائم کی قانونی کارروائی شروع

بیلجیم: انسانی حقوق تنظیم نے اسرائیلی بحریہ اور کمانڈر کے خلاف جنگی جرائم کی شکایت دائر کر دی

ویب ڈیسک: بیلجیم میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ہند رجب فاؤنڈیشن (HRF) نے برطانیہ میں اسرائیلی اسپیشل نیول فورس "شیطیت 13" اور اس کے کمانڈر وائس ایڈمرل ڈیوڈ سعار سلامہ کے خلاف جنگی جرائم کی شکایت دائر کر دی ہے۔یہ شکایت اس وقت دائر کی گئی جب اسرائیلی فورسز نے برطانوی پرچم بردار کشتی "مدلین" پر حملہ کیا۔ یہ کشتی فریڈم فلوٹیلا کولیشن کا حصہ تھی اور غزہ کے محصور شہریوں کے لیے طبی امداد، خوراک اور بچوں کے دودھ جیسی بنیادی ضروریات کی اشیاء لے جا رہی تھی۔HRF کے جاری کردہ بیان کے مطابق، "مدلین" بین الاقوامی پانیوں میں، 60 ناٹیکل میل (111 کلومیٹر) دور واقع تھی جب اسرائیلی نیوی کے شیطیت 13 کمانڈوز نے اس پر کارروائی کی۔ اس مقام پر کشتی قانونی طور پر برطانوی سرزمین شمار ہوتی ہے، جس پر حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

تنظیم نے الزام عائد کیا ہے کہ اس حملے میں شامل اہلکاروں اور کمانڈر نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کیں، جن کے خلاف برطانوی قانون اور بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کے تحت کارروائی ہونی چاہیے۔واضح رہے کہ ہند رجب فاؤنڈیشن اس فلسطینی بچی کے نام پر قائم کی گئی ہے جو اسرائیلی بمباری میں غزہ میں جاں بحق ہوئی تھی۔ تنظیم اس سے قبل بھی ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی و سیاسی شخصیات کے خلاف جنگی جرائم کے شواہد عالمی عدالت کو فراہم کر چکی ہے۔یہ واقعہ عالمی سطح پر ایک سفارتی اور قانونی بحران کی صورت اختیار کر سکتا ہے، خاص طور پر اگر برطانیہ میں مقدمے کی کارروائی آگے بڑھتی ہے۔