پنجاب میں آئندہ دو روز بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

پنجاب میں آئندہ دو روز بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں آئندہ دو روز کے دوران بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 11 جولائی کی شام سے 12 جولائی تک لاہور، راولپنڈی، اٹک، مری، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا اور دیگر کئی اضلاع میں بارش متوقع ہے۔ بعض علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری، عملے اور ضروری وسائل کو مکمل طور پر تیار رکھا جائے، جبکہ نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی اور نکاسیٔ آب کے انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ آسمانی بجلی، تیز ہواؤں اور گردوغبار کے دوران غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں اور محفوظ جگہوں پر رہیں۔ انہوں نے والدین کو بھی ہدایت کی کہ خراب موسم کے دوران بچوں کو کھلے میدانوں، بجلی کے کھمبوں اور کمزور عمارتوں کے قریب نہ جانے دیں۔

انہوں نے کہا کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے سیاح روانگی سے قبل موسم کی تازہ صورتحال سے آگاہی حاصل کریں اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ یا ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین کرنے کے بجائے صرف سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔