اسرائیل نے ٹرمپ کو ایران کے قاتلانہ منصوبے سے آگاہ کیا: امریکی اخبار

اسرائیل نے ٹرمپ کو ایران کے قاتلانہ منصوبے سے آگاہ کیا: امریکی اخبار

اسرائیل نے مبینہ طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایسی انٹیلی جنس معلومات سے آگاہ کیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران ان کے خلاف قاتلانہ کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے حال ہی میں امریکی حکام کو ایسی خفیہ معلومات فراہم کیں جن سے مبینہ طور پر ایران کی جانب سے صدر ٹرمپ کو نشانہ بنانے کے منصوبے کا عندیہ ملتا ہے۔دوسری جانب سی این این نے بھی ایک علیحدہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ یہ انٹیلی جنس ایک مخصوص مبینہ قاتلانہ منصوبے سے متعلق تھی، تاہم امریکی حکومت اور ایران نے ان رپورٹس پر تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل ظاہر نہیں کیا۔اس سے قبل بھی واشنگٹن متعدد بار یہ دعویٰ کر چکا ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے صدر ٹرمپ کو نشانہ بنانے کی مبینہ کوششیں ناکام بنائی ہیں، جبکہ ایران ان الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔رواں ہفتے نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنی جان کو ایران سے لاحق مبینہ خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایران کی "ٹارگٹ کلنگ" کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔