نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق پاکستان اور دنیا بھر سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے آئندہ چھ ماہ انتہائی فیصلہ کن ثابت ہوں گے۔
گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو (GPEI) کے پولیو اوور سائٹ بورڈ کے اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور نیشنل ای او سی میں انسدادِ پولیو پروگرام کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وفد کو ملک میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات، حکمت عملی اور حالیہ پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔نیشنل ای او سی کے مطابق وفد نے پاکستان کے انسدادِ پولیو پروگرام پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مسلسل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفد نے حکومتِ پاکستان کی مؤثر قیادت اور پولیو کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ چھ ماہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے نہایت اہم ہیں۔وفد نے اس موقع پر پولیو مہم کے ساتھ ساتھ معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا، تاکہ بچوں کو قابلِ انسداد بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے صحتِ عامہ کا نظام مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
دورے کے دوران پولیو اوور سائٹ بورڈ کے اراکین نے خواتین فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز سے بھی ملاقات کی، ان کے تجربات سنے اور ملک بھر میں پولیو کے خاتمے کے لیے انجام دی جانے والی ان کی خدمات کو سراہا۔وفد نے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی غیر معمولی کاوشوں کو پولیو کے مکمل خاتمے کی عالمی جدوجہد میں کلیدی قرار دیتے ہوئے ان کے کردار کی بھرپور تعریف کی۔