یونانی فضائیہ کا ایف-16 طیارہ دورانِ پرواز آگ لگنے سے ہنگامی لینڈنگ پر مجبور

یونانی فضائیہ کا ایف-16 طیارہ دورانِ پرواز آگ لگنے سے ہنگامی لینڈنگ پر مجبور

یونانی فضائیہ کے ایک ایف-16 جنگی طیارے میں دورانِ پرواز آگ لگنے کے بعد اسے زاکنتھوس ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

ترک میڈیا کے مطابق پائلٹ نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت زمین پر اتار لیا، جبکہ وہ خود بھی محفوظ رہا۔حادثے کے بعد یونان کے مصروف ترین سیاحتی ہوائی اڈوں میں شمار ہونے والے زاکنتھوس ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔یونانی فضائیہ کا کہنا ہے کہ طیارہ تربیتی مشن پر تھا، تاہم فنی خرابی پیدا ہونے کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ فضائیہ کے مطابق پائلٹ محفوظ ہے اور اس کی حالت تسلی بخش ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔یونانی ذرائع ابلاغ کے مطابق لینڈنگ سے قبل طیارے میں آگ لگنے کا انتباہ موصول ہوا تھا۔

رن وے پر اترتے ہی طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد فائر فائٹرز اور ہوائی اڈے کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔رپورٹ کے مطابق لڑاکا طیارہ لینڈنگ گیئر کھولے بغیر رن وے پر اترا، جس کے باعث وہ کئی درجن میٹر تک رگڑ کھاتے ہوئے پھسلتا رہا۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں طیارے کو شعلوں کی لپیٹ میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔