پاکستان فٹبال میں نمایاں بہتری آئی، آئندہ سال سیف گیمز کی میزبانی کرینگے، وفاقی سیکرٹری آئی پی سی کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدرمحی الدین وانی نے کہا ہے کہ کوئی بھی ٹیم دو ماہ میں تیار نہیں ہوسکتی، ایف آئی ایچ سے ہاکی فیڈریشن کے انتخابات کے معاملے پر معاونت لے رہے ہیں،پاکستان فٹبال میں نمایاں بہتری نظر آرہی ہے، آئندہ سال سیف گیمز کی میزبانی کرینگے۔شیخ آفتاب احمد کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں کمیٹی اراکین کے سوالات کے جواب دیتے ہوے محی الدین وانی نے کہا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن طویل عرصے بعد بحال ہوئی ہے، ماضی میں فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی فٹبال کے معاملات چلا رہی تھی، جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان نے فٹبال میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن محسن گیلانی ملک میں فٹبال کے فروغ کے لیے مؤثر انداز میں کام کر رہے ہیں اور فیفا، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور حکومت نے ان کی قیادت کو تسلیم کیا ہے۔ محی الدین وانی نے مزید بتایا کہ پاکستان آئندہ سال سیف گیمز کی میزبانی کرے گا اور وزیراعظم ان کھیلوں کے انعقاد کے لیے فنڈز کی منظوری بھی دے چکے ہیں۔کمیٹی رکن مہرین رزاق بھٹو نے کہاکہ پرو ہاکی لیگ میں پاکستان تمام میچز بری طرح ہارا، کیا ان شکست پر کسی ذمہ دار کیخلاف ایکشن لیا گیا؟ جس پر صدر پی ایچ ایف نے بتایا کہمیرے چارج لینے سے قبل پرو لیگ کے دس میچز ہو چکے تھے، کو?ی ٹیم دو ماہ میں تیار نہیں کی جا سکتی، پاکستان دنیا کی بہترین ٹیموں سے مدمقابل ہوا تھا، ایف آئی ایچ سے الیکشن کے معاملے پر معاونت لے رہے ہیں، پاکستان ہاکی فیڈریشن انتخابات کے حولے سے ایف آئی ایچ آن بورڈ ہے۔اجلاس میں پاکستان سپورٹس بورڈ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی اور مہرین رزاق بھٹو کو اس کا کنوینر مقرر کیا گیا جبکہ دوران اجلاس کمیٹی رکن بابر نواز نے گفتگو میں مداخلت پر وفاقی سیکرٹری آئی پی سی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمانی آداب کا خیال رکھنے کی ہدایت کی، جس پر محی الدین وانی نے کہا کہ وہ صرف سوالات کے جواب دے رہے تھے اور تمام پارلیمنٹیرینز کا بے حد احترام کرتے ہیں۔