میکسیکو: باسکٹ بال میچ کے دوران فائرنگ، سٹی کونسلر قتل

میکسیکو: باسکٹ بال میچ کے دوران فائرنگ، سٹی کونسلر قتل

میکسیکو کی ریاست گواناہواٹو میں ایک افسوسناک واقعے میں باسکٹ بال میچ کے دوران مسلح شخص نے فائرنگ کر کے سٹی کونسل کے سیکریٹری اگنیسیو ایلیہندرو روارو کو قتل کر دیا۔

یہ واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا، جس کی سٹی کونسل نے شدید مذمت کی ہے۔کونسل کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا:"ہم اس غدار، نفرت انگیز اور بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ حملہ نہ صرف ہمارے ساتھی کے خلاف تھا بلکہ پوری جمہوری عمل کے خلاف ہے۔"مقامی میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ مسلح شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس تحقیقات جاری ہیں۔گواناہواٹو، جو اپنی تاریخی اور سیاحتی اہمیت کے لیے جانا جاتا ہے، حالیہ برسوں میں جرائم پیشہ گروہوں اور ڈرگ کارٹلز کی سرگرمیوں کے باعث بدامنی کا شکار ہو چکا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق یہ ریاست میکسیکو کی ان خطرناک ریاستوں میں شامل ہے جہاں قتل اور پرتشدد واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔