وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ جمہوریت اسی وقت مضبوط ہوگی جب حکومت چور دروازے سے اقتدار میں نہ آئے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے تحریک انصاف کو تیسری بار مینڈیٹ دیا، جو پارٹی پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے باقی صوبوں میں جعلی مینڈیٹ رکھنے والوں پر زور دیا کہ عوامی مینڈیٹ کی قدر کریں اور چور دروازے سے حکومت نہ سنبھالیں۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ مذاکرات اور مزاحمت کا مینڈیٹ اچکزئی اور علامہ صاحب کو دیا گیا ہے، جبکہ اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری جاری ہے اور جلد عروج پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور سندھ کے شہری پاکستان کے تمام حصوں میں روزگار کے مساوی مواقع حاصل کریں۔سہیل آفریدی نے یونیورسل ہیلتھ کیئر کے حوالے سے بھی کہا کہ اگر شہریوں کو مسائل کا سامنا ہے تو انہیں سنیں گے اور ضرورت پڑنے پر وزیراعلیٰ سندھ کے سامنے بھی رکھیں گے۔