گلشنِ اقبال میں رہائشی فلیٹ میں دھماکہ، 6 افراد زخمی

گلشنِ اقبال میں رہائشی فلیٹ میں دھماکہ، 6 افراد زخمی

کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال بلاک 2 میں ہِبا ہوم نامی رہائشی عمارت کے ایک فلیٹ میں زور دار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے فلیٹ میں شدید تباہی ہوئی، گھریلو سامان جل کر خاکستر ہو گیا اور دروازہ ٹوٹ کر دور جا گرا۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز اتنی شدید تھی کہ زلزلے کا گمان ہوا، جس کے فوراً بعد آگ پھیل گئی۔ ابتدائی ریسکیو مقامی لوگوں نے خود کیا، جبکہ بعد ازاں ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر پہنچیں۔عمارت چار منزلہ ہے، ہر فلور پر پانچ چھوٹے فلیٹس ہیں، متاثرہ فلیٹ ایک کمرے پر مشتمل تھا۔

کے الیکٹرک حکام کے مطابق واقعہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے نہیں بلکہ گیس لیکج کی وجہ سے ہوا۔ ممکنہ طور پر چولہا یا سگریٹ جلانے کی کوشش کے دوران دھماکہ ہوا۔پولیس کے مطابق زخمیوں میں شبیر، عبداللہ، شمائلہ، محسن، احمد اور حمزہ شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال کے برنس سینٹر منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔