این اے حلقہ 123کیلئے 15کروڑ کاترقیاتی پیکیج منظور

سیوریج، پی سی سی ، واٹر سپلائی ، گلیوں کی بحالی کے منصوبے شروع
لاہور (خصوصی رپورٹ)مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی رانا مبشر اقبال کے حلقے این اے 123 کے لیے پنجاب حکومت نے بڑا ترقیاتی پیکیج منظور کیا ہے۔۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے این اے 123 لاہور کے عوام کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا بڑا تحفہ دے دیا،حکومت کی جانب سے 14 کروڑ 79 لاکھ 26 ہزار 834 روپے کا ترقیاتی پیکیج منظور کیا گیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے رانا مبشر اقبال کے حلقے میں ترقیاتی فنڈز کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے،جس کے تحت سیوریج، پی سی سی سڑکوں، واٹر سپلائی اور گلیوں کی بحالی کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔حلقہ این اے 123 کو سنوارنے کی ذمہ داری ،ایل ڈی اے کی ذیلی ایجنسی ٹیپا کے سپرد کر دی گئی ہے،جو منصوبوں کی نگرانی اور بروقت تکمیل یقینی بنائے گی۔ترقیاتی فنڈز کی تفصیل کے مطابق یونین کونسل 194 لدھڑ میں 4 کروڑ 95 لاکھ 65 ہزار 834 روپے کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے،یونین کونسل 196 میں 4 کروڑ 93 لاکھ 67 ہزار روپے کے ترقیاتی کاموں کی منظوری دی گئی ہے،جبکہ یونین کونسل 191 میں 2 کروڑ 45 لاکھ 29 ہزار روپے کا پیکیج رکھا گیا ہے۔یونین کونسل 193 کے لیے بھی 2 کروڑ 45 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔