طاقتور طبقہ آر ٹی ایس اور فارم 47 سے مدد لینے کے طریقے ترک کردے،نوجوانوں پر قدغنیں نہ لگائی جائیں
جماعت اسلامی عوامی رائے سے انقلاب لائے گی: امیر جماعت اسلامی پاکستان کا منصورہ تربیت گاہ سے خطاب
لاہور (خصوصی رپورٹر) امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکمرانوں پر واضح کیا ہے جمہوری راستے روکنے اور غداری کے سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ طاقتور طبقہ آر ٹی ایس اور فارم سنتالیس سے مدد لینے کے طریقے ترک کردے۔نوجوانوں پر قدغنیں نہ لگائی جائیں۔ جماعت اسلامی عوامی رائے کی طاقت سے انقلاب برپا کرے گی۔ منصورہ میں جمعہ کو مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ رشوت ، ظلم ، جھوٹ اور ناانصافی کو فروغ دینے والا طبقہ نظام پر قابض ہے، مسلط اشرافیہ نے قوم کو تعلیم، صحت ، انصاف سے محروم کیا ہوا ہے۔ فرسودہ نظام اور اس کے محافظوں کے خلاف جدوجہد دین کا سب سے اہم تقاضا ہے‘انہوںنے کہا حکمران نئی نسل سے خوفزدہ ہے، ان پر تعلیم ، روزگار کے دروازے بند کیے جارہے ہیں۔ حالات سے مایوس نوجوان نسل منشیات کا شکار ہورہی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی نے بنو قابل کو وسعت دے کر نوجوانوں کی تربیت کا جامع زی-کنیکٹ پروگرام شروع کیا ہے، ہم نوجوانوں کو نظام کے جبر کا شکار نہیں ہونے دیں گے