پاکستان میں اپنے تین سالہ سفارت کارانہ دور کے اختتام پر، امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ایک الوداعی ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے پاکستانی عوام کے ساتھ اپنے تعلقات اور تجربات کا تذکرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اپنے تعیناتی کے دوران انہوں نے مختلف چیلنجز کا سامنا کیا، جن میں کورونا وبا اور 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد کی تعمیر نو شامل ہیں۔ڈونلڈ بلوم نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط کیا، اور اس دوران روزگار کے مواقع پیدا کیے، معیار زندگی کو بہتر بنایا، اور صحت و تعلیم کے شعبوں میں بہتری لانے کی کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں لوگوں کی مہمان نوازی نے ان کے دل کو چھو لیا اور اسلام آباد نے ان کے لیے گھر کی طرح کا احساس پیدا کیا۔امریکی سفیر نے لاہور کے تاریخی شہر کی ثقافت اور روایت کا بھی ذکر کیا اور پنجاب کے زرخیز میدانوں میں کسانوں کے ساتھ اپنی ملاقات کا احوال بیان کیا، جہاں امریکا کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے توانائی، آبی ذخائر اور زراعت کے شعبوں میں ترقی کی گئی۔
کراچی کا ذکر کرتے ہوئے، ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ یہ شہر انٹرپرینیورز اور کاروباری رہنماؤں کا مرکز ہے جو پاکستان کے معاشی مستقبل کو روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے قرضوں اور انحصاری سے نجات کے سفر کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں کامیاب رہے ہیں۔انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا کہ پاکستان میں اپنے دور کے دوران کیے گئے اقدامات پر انہیں فخر ہے اور وہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے پرامید ہیں۔