پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر کی وزیر اعظم شہباز شریف سے الوداعی ملاقات

پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر کی وزیر اعظم شہباز شریف سے الوداعی ملاقات

اسلام آباد:پاکستان میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سبکدوش ہونے والے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے آج شام وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے الوداعی ملاقات کی۔

وزیر اعظم نے سفیر کو پاکستان میں اپنی مدتِ ملازمت کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد دی اور پاکستان-یو اے ای تعلقات کے استحکام اور فروغ میں ان کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس موقع پر یو اے ای کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ حالیہ مہینوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے یو اے ای کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کے دورہ پاکستان، پاکستان-یو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس اور حالیہ دنوں میں آپریشنل ڈیوٹی پاسپورٹ ہولڈرز معاہدے پر دستخط کو خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ جلد از جلد یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے پاکستان کے سرکاری دورے کے منتظر ہیں، جو کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت اور تقویت دینے کا باعث ہوگا۔اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اپنے نو سالہ قیام کے دوران انہیں حکومت اور عوام کی جانب سے بے پناہ تعاون اور دوستی ملی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کے درمیان تعلقات دوستی اور اخوت کے خاص رشتے پر مبنی ہیں، اور وہ مستقبل میں بھی پاکستان-یو اے ای تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر مملکت برائے آئی پی سی بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔