سرکاری سکولز کے پارک، گرا ئونڈ شہریوں کیلئے بند

ایک سال پہلے کھولنے کا اعلان کیا گیا ،محکمہ سکول کاشہریوں کو صحتمند سرگرمیوں کی سہولت دینے کا اعلان فائلوں تک محدود 
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب میں کھیلوں اور صحتمند سرگرمیوں کے فروغ کا ایک اور سرکاری اعلان عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔ سرکاری سکولوں کے پارک اور گرا ئونڈ عام شہریوں کیلئے تاحال بند ہیں ،محکمہ سکول ایجوکیشن نے انہیں ایک سال قبل سکول اوقات کے بعد کھولنے کا اعلان کیا تھا مگر لاہور سمیت کسی بھی ایجوکیشن اتھارٹی نے اس فیصلے پر عملدر آمد نہیں کیا۔ محکمہ کا کھیلوں کے فروغ اور شہریوں کو واک اور صحتمند سرگرمیوں کی سہولت دینے کا اعلان محض فائلوں تک محدود ہو کر رہ گیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری سکولوں کے پاس وسیع گرا ئونڈ موجود ہیں جو کھیلوں اور سیر کیلئے استعمال ہو سکتے ہیں مگربیوروکریسی کی سستی پرعوام بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ آج تک کوئی گرا ئونڈ نہیں کھولا گیا، نوجوانوں کو کھیلنے کی جگہ ہی نہیں مل رہی۔ماہرین کے مطابق کھیلوں کے فروغ سے نا صرف نوجوان نسل مثبت سرگرمیوں کی طرف آئیگی بلکہ صحت عامہ پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگیتاہم عملی اقدامات نہ ہونے سے یہ منصوبہ بھی دیگر سرکاری اعلانات کی طرح کاغذی کارروائی بن کر رہ گیا۔