موٹر وے پر اتنے گڑھے ہیں گاڑی نہیں چلا سکتے :سندھ ہائیکورٹ

 موٹر وے پر جائیں 2 ہزار گاڑیاں کھڑی ہوں گی،مرکزی کام چھوڑ کر دکانیں بنانے میں لگے ہیں، پہلے سڑک تو درست کریں:جسٹس ذوالفقار علی سانگی 
 کراچی (آئی این پی )سندھ ہائیکورٹ نے ایم نائن موٹر وے پر گرین بیلٹ اور سروس روڈ پر تعمیرات سے متعلق کیس میں فیصلہ محفوظ کر لیا۔  ۔جسٹس ذوالفقار علی سانگی نے ریمارکس دئیے کہ ابھی آپ موٹر وے پر جائیں 2 ہزار گاڑیاں کھڑی ہوں گی۔ موٹر وے پر اتنے گڑھے ہیں کہ گاڑی نہیں چلا سکتے۔ مرکزی کام چھوڑ کر دکانیں بنانے میں لگے ہوئے ہیں، پہلے سڑک تو درست کریں بعد میں باقی کام کریںماسٹر پلان اتھارٹی کے پلان کے مطابق 670 فٹ این ایچ اے کا دائرہ اختیار ہے۔وکیل این ایچ اے نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کی زمین این ایچ اے کی زمین کے بعد ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے جوابا کہا کہ این ایچ اے کا اسکور سے معاہدہ این ایچ اے ایکٹ کیخلاف ہے۔عدالت نے کہا کہ آپ روڈ نہیں بنا رہے اور نہ ہی مرمت کر رہے ہیں، صرف کمرشل کام کر رہے ہیں۔ سکھر تک سفر کرنے میں 10 گھنٹے لگتے ہیں۔وکیل اسکور نے کہا کہ موٹر وے کے اطراف نجی پٹرول پمپس اور ریسٹورنٹس چل رہے ہیں، کسی کو اعتراض نہیں۔ اسکور کوئی تعمیرات کرتا ہے تو سب کو اعتراض ہو جاتا ہے۔