ٹیکس لئے بغیرمفت میں حکومت نہیں چلا سکتے: احسن اقبال

 ٹیکس سے جتنا پیسہ آتا ہے قرضوں کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے ،اخراجات کیلئے نیا قرض لینا پڑتا ہے

اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کوشش ہے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے کیونکہ ہم مفت میں حکومت نہیں چلا سکتے، ایس ڈی پی میں صوبہ بلوچستان کے حصے میں گزشتہ چند سالوں میں اضافہ کیا گیا ، رواں سال کے پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے لئے 130 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ جمعہ کو سینیٹ اجلاس میںسینیٹر دنیش کمار اور کامران مرتضی کے سوال پر وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے پیش کیے گئے تحریری جواب بتایا گیا کہ بلوچستان میں پی ایس ڈی پی کے 1429 ارب روپے کے 200 منصوبے جاری ہیں، 30 جون 2024 تک 381.2 ارب روپے کے اخراجات ہوئے جب کہ سال 2024-25 کے دوران پی ایس ڈی پی کے لیے 130 ارب روپے مختص کیے گئے۔اس حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ہم اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہیں کہ بلوچستان کو اس کے حصے سے زیادہ دیا جائے، 2022 میں بلوچستان کی پی ایس ڈی پی کے84 ارب کی مختص رقم بجٹ میں بڑھا کر 126 ارب روپے کی، جب بلوچستان کا کوئی منصوبہ کمیشن میں آتا ہے تو ہم اسے تیزی سے منظور کرتے ہیں۔