رمضان پیکیج کے تحت فی خاندان رقم میں ایک ہزار روپے اضافہ کردیا :احسن اقبال

یہ نہیں کہتے  پاکستان کرپشن فری ہے ، افراط زر قابو میں ہے، جولائی تا جنوری مہنگائی 5 اعشاریہ 2 فیصد رہی :وفاقی وزیر منصوبہ بندی
اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے  رمضان ریلیف پیکیج کی فی خاندان رقم میں 1 ہزار روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔اسلام آباد میں ماہانہ ڈیولپمنٹ اپ ڈیٹ پر بریفنگ میں احسن اقبال نے کہا کہ رمضان ریلیف پیکیج کے تحت فی خاندان 12 ہزار سے بڑھا کر رقم 13 ہزار کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ افراط زر قابو میں ہے، جولائی تا جنوری مہنگائی 5 اعشاریہ 2 فیصد رہی جبکہ بڑی صنعتوں کی گروتھ 6 فیصد رہی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اصلاحات سے ٹیکس بڑھانے میں مدد ملی، آج ریفارمز رپورٹ بھی لانچ ہوئی، جب ہم کہتے ہیں 2035 تک 1000 ارب ڈالر کی معیشت بنیں گے تو تنقید کی جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کی تعریف کر رہے ہیں، عالمی ریٹنگ ایجنسیاں پاکستان کی بہتری بتا رہی ہیں۔احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ 2 سال سے ملکی معیشت روز بروز بہتری کی طرف جا رہی ہے، عالمی سرمایہ کاروں کو قائل کرنے کیلیے حقائق تسلیم کرنے چاہیں۔