لیہ ،پراسرار موذی مرض سے 3بچے جاں بحق، 6متاثر

بچوں کو حفاظتی ٹیکے بھی نہیں لگوائے، وائرل بیماری لگتی ہے :صحت حکام
لیہ (خصوصی رپورٹ)لیہ کے نواحی چک نمبر 156 ٹی ڈی اے میں مبینہ طور پر پر اسرار بیماری سے خانہ بدوشوں کے 3 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ 6 بیماری سے شدید متاثر ہیں۔ علاقہ میں موذی وباپھیلنے سے خوف و ہراس پایاجاتاہے،علاقہ مکین جنازوں میں جانے سے بھی گریز اں رہے۔متاثرین کا وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس کا مطالبہ،لیہ کے نواحی گا ئوں چک نمبر 156 ٹی ڈی اے میں مبینہ طور پر پر اسرار بیماری سے خانہ بدوشوں کے 3 بچے جاں بحق، 6 شدید متاثرہو گئے ہیں۔ موذی وبا سے مرنے والے3 بچوں میں 4 سالہ عطا اللہ، 6 سالہ عمران اور 9 ماہ کی روشنی بی بی شامل ہیں۔متاثرین میں 9 ماہ کا اکرام، 3 سالہ عظمیٰ، 7 سالہ رانی بی بی،8 سالہ نادیہ، 7سالہ رستم اور6 سالہ رخسانہ بھی شامل ہیں۔متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ موذی مرض پھیلنے سے گا ئوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔واقعہ کی اطلاع پر محکمہ صحت کی ٹیموں نے علاقے کا وزٹ کیا، سی ای او ہیلتھ کی جانب سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹرمرسلین اور ڈاکٹر سجاد حسین ڈسٹرکٹ سرویلنس کو آرڈی نیٹر پر مشتمل دورکنی ٹیم تشکیل دی گئی جن کی نگرانی میں بچوں کے خون کے نمونہ جات تجزیے کیلئے لیبارٹری بھجوادیئے گئے ہیں، پوسٹ وائرل پنی مونیا کو بچوں کی موت کی وجہ قراردیاجارہاہے، تاہم حتمی تعین لیبارٹری نتائج کے بعد ہی ممکن ہوگا۔