شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ،موٹرسائیکل سوار مرد اور خاتون زخمی
لاہور(کرائم رپورٹر)فیروز پور روڈ میں ماڈل ٹاؤن میٹرو سٹیشن کی حدود میں ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں موٹرسائیکل سوار مرد اور خاتون زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق حادثہ ٹریکٹر ٹرالی کے ٹائر پھٹنے کے باعث ہوا،جس کے نتیجے میں ٹرالی کا توازن بگڑ گیا اور موٹرسائیکل سواروں کو شدید چوٹیں آئیں۔زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ حادثے کے بعد ٹرالی ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیاپولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب ٹریفک حادثے کی وجہ سے فیروز پور روڈ پر 3گھنٹے تک ٹریفک جام رہاجس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل کیلئے مخصوص لائن بنانے کے باعث روڈ مزید تنگ ہوگیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔اْن کا مزید کہنا ہے کہ رات کے وقت ہیوی ٹریفک کی موجودگی کے باعث فیروز پور روڈ پر ٹریفک کی روانی اور بھی متاثر ہو جاتی ہے۔