یوکرین میں جنگ بہت خراب ہے، میں اس خوف ناک چیز کو ختم کرنا چاہتا ہوں،امریکی صدر کا انٹرویو
واشنگٹن (آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے فون پر بات چیت کی ہے، جس میں یوکرین میں جنگ کے خاتمے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ نیویارک پوسٹ کو ایئر فورس ون پر دئیے گئے ایک انٹرویو میں جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ دونوں رہنمائوں نے کتنی بار بات کی ہے؟، تو ان کا کہنا تھا کہ بہتر یہی ہے کہ یہ نہ بتایا جائے، تاہم انہوں نے کہا کہ پیوٹن چاہتے ہیں کہ لوگوں کی اموات نہ ہوں، انہیں مرنے سے بچایا جائے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے انٹرویو میں بتایا کہ ان کے پیوٹن کے ساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں اور پیوٹن کے پاس جنگ کے خاتمے کے لیے ٹھوس منصوبہ ہے، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔امریکی صدر نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ جنگ کے خاتمے کا عمل تیز ہو جائے گا، ہر روز لوگ مر رہے ہیں، یوکرین میں یہ جنگ بہت خراب ہے، میں اس خوف ناک چیز کو ختم کرنا چاہتا ہوں۔روسی صدارتی محل کریملن اور وائٹ ہائوس نے فوری طور پر اس حوالے سے تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔