واشنگٹن(آئی این پی )سائنس اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں حیرت انگیز ترقی جاری ہے، اور اب سائنسدانوں نے ایک ایسا روبوٹ تیار کر لیا ہے جو مائع سے ٹھوس میں تبدیل ہو سکتا ہے، بالکل اسی طرح جیسے 1991کی مشہور ہالی وڈ فلم ٹرمینیٹر2ججمنٹ ڈے میں دکھایا گیا تھا۔ اس فلم میں خوفناک T-1000 روبوٹ، جو دھات سے مائع میں بدل کر رکاوٹوں کو عبور کر لیتا تھا، محض ایک تخیلاتی تصور تھا، مگر اب یہ حقیقت میں ممکن ہو چکا ہے۔ امریکی یونی ورسٹی آف کیلیفورنیا، سانتا باربرا کے محققین نے ایک ایسا روبوٹ بنایا ہے جو مختلف اشکال میں تبدیل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ خودکار چھوٹے روبوٹس دراصل چھوٹے ہاکی پک جیسے ڈسک کی شکل میں ہوتے ہیں، جو مختلف حالات کے مطابق اپنی سختی اور لچک کو تبدیل کر سکتے ہیں۔یہ حیرت انگیز روبوٹس مقناطیس، موٹرز اور روشنی کی مدد سے اپنی ساخت کو بدل سکتے ہیں، خود کو دوبارہ جوڑ سکتے ہیں اور یہاں تک کہ خود کو ٹھیک بھی کر سکتے ہیں۔