پنجاب میں دھند ،6 ٹریلر ٹرک آپس میں ٹکراگئے، 7 افراد زخمی

لاہور (آئی این پی )پنجاب میں دھند کی وجہ سے حدنگاہ کم ہونے کے باعث منگل کو ملتان-سکھر موٹروے (ایم فائیو)  پر 6 ٹریلر ٹرکوں کے آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق  موٹروے کے ظاہرپیر (رحیم یار خان) سے ملتان شیر شاہ انٹرچینج تک کے حصے  جہاں   تصادم   ہوا، کو صبح کے وقت دھند کی وجہ سے کم نظر آنے کے باعث عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا، جسے بعد میں کھول دیا گیا۔ریسکیو 1122 کے بیان کے مطابق موٹروے پر چلنے والے ٹرک دھند کی وجہ سے رکے ہوئے ٹرکوں سے ٹکرائے۔  ملتان ریسکیو 1122 کے ترجمان ارشد حسین نے میڈیا کو بتایا کہ یہ حادثہ چھ ٹرکوں کے درمیان پیش آیا۔ریسکیو سروس کے بیان میں بتایا گیا کہ حادثے میں 7 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 2 کو ریسکیو آپریشن کے دوران ایک ٹرک سے نکالا گیا۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) کے ترجمان عمران شاہ نے بتایا کہ دھند کی وجہ سے صبح 6 بجے سے ساڑھے 11 بجے تک ایم فائیو کا حصہ ملتان شیر شاہ انٹرچینج سے ظاہر پیر  (رحیم یار خان ) تک بند کر دیا گیا تھا