کارڈیک اور کینسر مریضوں کیلئے کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ، کینسر پیشنٹ کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک مفت علاج، کارڈیک سرجری پروگرام کارڈ سے مفت سرجری ہوگی
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سٹروک ‘فالج کے بروقت علاج کیلئے پلان طلب کرلیا، لاہورجناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی 15 فروری سے فنکشنل ہو جائے گا:اجلاس میں بریفنگ
لاہور(سپیشل رپورٹر) پنجاب میں کارڈیک اور کینسر مریضوں کے لئے کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے منظوری دیدی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرصدارت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کینسر اور کارڈیک سرجری کے لئے خصوصی کارڈ پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر پنجاب میں وزیراعلیٰ سپیشل اینیشیٹو برائے کینسر پیشنٹ کارڈ متعارف کرانے کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ پنجاب میں کینسر اور دل کے عارضہ میں مبتلا افراد کے علاج کا مکمل خرچ حکومت ادا کرے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ہر مریض سی ایم اسپیشل اینیشیٹو کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک کے علاج کی سہولت حاصل کرے گا۔ پنجاب میں پہلے مرحلے میں 45 ہزار مریض نئے سی ایم اسپیشل اینیشیٹو کارڈ سے ستفید ہو ں گے۔ چیف منسٹر کارڈیک سرجری پروگرام کارڈ کے ذریعے مفت سرجری کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اسٹروک /فالج کے بروقت علاج کے لئے پروگرام پلان طلب کر لیا ہے۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں 17 جنوری تک نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے اوپی ڈی بلاک کو فعال کرنے کی ہدایت کی۔ اور نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا 31جنوری تک فعال کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈریسرچ کے بورڈ آف گورنر نے پہلے مرحلے میں 219 -اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی۔ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا میں او پی ڈی، آئی پی ڈی،ایمرجنسی،پتھالویالوجی اور یڈیالوجی 31 جنوری تک مکمل فنکشنل کر دیئے جائیں گے۔اجلاس میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھاکے بورڈ آف گورنر نے پہلے فیز میں 258-اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دیدی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی 15 فروری سے فنکشنل ہوگا۔ بورڈ آف گورنر نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے لئے 1104-اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی۔