پنجاب میں پرائمری سٹروک سینٹرز کی تعداد 16 سے بڑھا کر 40 کر دی گئی،مزید 15 مراکز چند ماہ میں فعال ہو جائیں گے
فالج کے بعد مریض کا بروقت علاج بہت اہمیت رکھتا ہے، فالج میں لگنے والے 3 لاکھ کے انجکشن کو غریب نہیں خرید سکتا:وزیر اعلی
وزیر اعلی سے لاہور چیمبر کے نومنتخب صدر کی ملاقات، تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے: مریم نواز
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فالج کے مریضوں کے فوری علاج کے لیے 5 ارب روپے فوری منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے صوبے میں پرائمری سٹروک سینٹرز کی تعداد 16 سے بڑھا کر 40 کر دی گئی ہے، جبکہ مزید 15 مراکز چند ماہ میں فعال ہو جائیں گے۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز لاہور میں عالمی یومِ فالج کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا فالج ایک ہنگامی طبی صورتِ حال ہے جس میں بروقت علاج نہ ہونے سے مریض مستقل معذوری کا شکار ہو سکتا ہے۔ اس لیے مریض کو فوری طبی امداد فراہم کرنا ضروری ہے۔ فالج کے علاج کے لیے مریض کو ساڑھے 4 گھنٹے کی اہم مدت کے اندر طبی امداد ملنا بہت ضروری ہے۔ جنوبی پنجاب سمیت دور دراز علاقوں سے مریضوں کو لاہور منتقل کرنا مہنگا اور مشکل ہو سکتا ہے، اس لیے مختلف اضلاع میں علاج کی سہولتیں فراہم کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے بتایا فالج کے علاج میں استعمال ہونے والے مخصوص انجکشن کی قیمت تقریباً 3 لاکھ روپے ہے، جو عام آدمی کے لیے برداشت کرنا مشکل ہے۔ بروقت علاج مریض کو معذوری سے بچانے کے ساتھ اس کے خاندان کو بھی شدید مالی اور معاشرتی مشکلات سے محفوظ رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔انہوں نے متعلقہ ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ فنڈز کی کمی کا سامنا ہو تو وہ براہِ راست ان سے رابطہ کریں اور یقین دہانی کرائی کہ فالج کے مریضوں کے علاج کے لیے مالی وسائل کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔دریں اثناء وزیراعلی مریم نواز سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر علی حسام اصغر نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں تاجر برادری کی فلاح و بہبود، صنعتی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، خواجہ شاہزیب اکرم اور خواجہ وسیم افضل بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر علی حسام اصغر کو مبارکباد دی۔ملاقات کے دوران لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل اور پنجاب میں صنعتی ترقی کے فروغ کیلئے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔مریم نواز نے قابل عمل تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے