وزیراعلیٰ سپیشل اینیشیٹو کینسر پیشنٹ کارڈ متعارف، مکمل خرچ حکومت ادا کرے گی
ہر مریض سی ایم سپیشل کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ تک علاج کی سہولت حاصل کرے گا
پہلے مرحلے میں 45 ہزار مریضوں کو نیا سی ایم سپیشل اینیشیٹو کارڈ جاری کیا جائے گا
لاہور(کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے کینسر اور دل کے عارضے میں مبتلا مریضوں کے علاج کیلئے ’وزیراعلیٰ سپیشل اینیشیٹو کارڈ‘ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں کینسر اور کارڈیک سرجری کے لئے خصوصی کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں کینسر اور دل کے عارضہ میں مبتلا افراد کے علاج کا مکمل خرچ حکومت ادا کرے گی، مہنگے علاج کے خوف سے بے فکر امراضِ قلب میں مبتلا ہر مریض سی ایم سپیشل اینیشیٹو کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ تک کے علاج کی سہولت حاصل کرے گا۔پہلے مرحلے میں 45 ہزار مریضوں کو نیا سی ایم سپیشل اینیشیٹو کارڈ جاری کیا جائے گا، جس کے بعد یہ مریض مہنگے اور پیچیدہ علاج کے مالی بوجھ سے آزاد ہو جائیں گے، چیف منسٹر کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت کارڈ ہولڈرز کی مفت کارڈیک سرجری کی جائے گی۔