قرارداد مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی طاہر پرویز نے ایوان میں پیش کی‘ملک کیخلاف جو بھی بات کرے کارروائی کی جائے:متن
27ویں ترمیم سے متعلق قرارداد بھی منظور‘ آئینی اداروں کی مضبوطی،، مؤثر طرزِ حکمرانی اور فوری انصاف پاکستان کیلئے ناگزیر قرار
لاہور(خصوصی رپورٹر)بانی پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سے منظور کر لی گئی۔قرارداد مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی طاہر پرویز نے ایوان میں پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ ملک کے خلاف بیان بازی کرکے انتشار پھیلانے اور پاکستان کے مخالف دشمن ملک کی آلہ کار پارٹی اور اس کے بانی و لیڈر پر پابندی لگائی جائے۔قرارداد میں کہا گیا کہ جو لیڈران پاکستان کی سالمیت و استحکام کے خلاف بات کرتے ہیں، خواہ ان کا تعلق کسی بھی سیاسی و غیر سیاسی پارٹی سے ہو ان کے خلاف ملکی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور ان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔قرارداد میں کہا گیا یہ ایوان پاکستان کے استحکام حفاظت کیلئے کام کرنے والے اداروں کے جوانوں اور ان کے سربراہوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔دریں اثناء پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے پیش کی گئی 27 ویں آئینی ترمیم سے متعلق قرارداد کو ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ قرارداد میں آئینی اداروں کی مضبوطی، شفافیت، مؤثر طرزِ حکمرانی اور فوری انصاف کی فراہمی کو پاکستان کے مستقبل کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا۔حنا پرویز بٹ نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم وفاق، صوبوں، عدلیہ اور جمہوری اداروں کے درمیان توازن، تعاون اور شفافیت کو نئی سمت دے گی، جو ایک مضبوط اور جدید ریاست کی بنیاد ہے۔ ایوان نے بھرپور اتفاقِ رائے سے قرارداد کی تائید کی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ یہ ایوانِ 27 ویں آئینی ترمیم کی مکمل حمایت کرتا ہے، جس کا مقصد آئینی اداروں کو مزید مضبوط، شفاف اور مؤثر بنانا ہے تاکہ نظامِ انصاف اور طرزِ حکمرانی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔