پنجاب اسمبلی میں سولر پینلز اور بیٹریوں کی مقامی تیاری کیلئے قرارداد منظور

 اپوزیشن رکن نادیہ کھر کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلی
لاہور(سپیشل رپورٹر)  پنجاب اسمبلی نے صوبے میں سولر پینلز اور جدید بیٹریز کی مقامی سطح پر تیاری کو فروغ دینے اور استعمال شدہ سولر پینلز و بیٹریز کی محفوظ ری سائیکلنگ اور تلفی کے لیے جامع پالیسی اور قانون سازی کا مطالبہ کر دیا۔اجلاس کے دوران اپوزیشن رکن نادیہ کھر کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرارداد میں حکومت پنجاب کی توجہ زائد المیعاد اور خراب سولر پینلز و بیٹریز کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان کی غیر محفوظ تلفی سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی و انسانی صحت کے خطرات کی جانب مبذول کرائی گئی۔قرارداد میں کہا گیا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ملک میں سولر پینلز کی تنصیب اور الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں استعمال شدہ بیٹریز اور سولر پینلز کی مقدار بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ تاہم، ان کے محفوظ اور ماحولیاتی اصولوں کے مطابق ٹھکانے لگانے کے لیے مؤثر پالیسی اور قانون سازی کا فقدان ہے۔