پاکستان میں 2024 کے گوگل ٹاپ سرچ ٹرینڈز: کرکٹ، شخصیات، موویز اور ٹیکنالوجی کی مقبولیت

پاکستان میں 2024 کے گوگل ٹاپ سرچ ٹرینڈز: کرکٹ، شخصیات، موویز اور ٹیکنالوجی کی مقبولیت

رواں سال گوگل نے پاکستان میں 2024 کے ٹاپ سرچنگ ٹرینڈز کا اعلان کیا ہے، جو پاکستانیوں کی آن لائن دلچسپیوں اور ترجیحات کو ظاہر کرتے ہیں۔

 ان ٹرینڈز میں کرکٹ، مشہور شخصیات، موویز، کھانا پکانے کی تراکیب، اور ٹیکنالوجی شامل ہیں۔

کرکٹ کے ٹرینڈز میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈ، بنگلہ دیش، اور آسٹریلیا جیسے میچز نے عوام کی خاص توجہ حاصل کی۔ پی ایس ایل 2024 کے شیڈول اور شعیب ملک و ساجد خان جیسے کھلاڑیوں کے بارے میں بھی بڑی تعداد میں تلاش کی گئی۔ اس کے علاوہ، ارشد ندیم نے اولمپک گولڈ میڈل جیت کر پاکستانی صارفین کی نظر میں جگہ بنائی۔

شخصیات میں ارشد ندیم، ثناء جاوید، شعیب ملک، حریم شاہ، اور مکیش امبانی جیسے افراد شامل رہے جن کے بارے میں بڑی تعداد میں تلاشیں ہوئیں۔

موویز اور ڈراموں میں پاکستانی ڈرامے "عشق مرشد" اور "کبھی میں کبھی تم"، جبکہ بالی وڈ کی فلمیں "انیمل" اور "ڈنکی" کی تلاش سب سے زیادہ کی گئی۔ اس کے علاوہ، "مرزاپور سیزن 3" اور "بگ باس 17" جیسے رئیلٹی شوز نے بھی عوام میں دلچسپی پیدا کی۔

کھانا پکانے کی تراکیب میں کیلے کی روٹی، مالپورہ، کریمی پاستا اور توا کلیجی جیسے پکوان کی تراکیب شامل رہیں، جبکہ موسمی مشروبات جیسے پیچ آئسڈ ٹی اور لہسن کی روٹی کی تلاش بھی بڑی تعداد میں ہوئی۔

ٹیکنالوجی میں صارفین نے چیٹ جی پی ٹی، جیمی نائی، اور ری میکر اے آئی جیسے ٹولز میں دلچسپی ظاہر کی، جب کہ انفنکس، ویوو، اور ایپل کے اسمارٹ فونز کے ماڈلز بھی سرچ کیے گئے۔

پاکستان کے لیے گوگل کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی نے کہا کہ اس سال کی "ایئر ان سرچ" رپورٹ ایک ایسے پاکستان کی عکاسی کرتی ہے جو اپنی روایات میں مضبوط جڑیں رکھتا ہے اور ڈیجیٹل دور کے امکانات کو اپنانے کے لیے تیار ہے۔

ٹاپ سرچنگ ٹرینڈز کی فہرست مختلف زمروں میں دی گئی ہے جن میں کرکٹ، شخصیات، موویز اور ڈرامے، کھانا پکانے کی تراکیب، ٹیکنالوجی اور "کیسے اور کس طرح" کے سوالات شامل ہیں۔اس رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی گوگل صارفین اپنے شوق اور دلچسپیوں کو دریافت کرنے اور اپنی ثقافت کو سمجھنے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا بھرپور استعمال کر رہے ہیں۔