محکمہ بلدیات نے سیکرٹری ایڈمن لوکل گورنمنٹ کو فریقین کا موقف سننے کے بعد فیصلہ کرنے کی ہدایات کردی
لاہور (خصوصی رپورٹ) محکمہ بلدیات پنجاب نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ کے خلاف خاتون افسر کو ہراساں کئے جانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر لی، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو دونوں فریقین کا موقف سننے کے بعد فیصلہ جاری کرنے کی ہدایات جاری، انکوائری افسر نے مزکورہ پارٹیوں کو منگل کے روز طلب کرلیا۔ چند روز قبل خاتون زونل افسر پلاننگ داتا گنج بخش مہوش نعیم نے محکمے کو تحریری درخواست جمع کرائی تھی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نذیر انہیں بے بنیاد انکوائریوںمیں پھنسا کر ہراساں کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، خاتون افسر کی جانب سے سیکرٹری بورڈ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں جنسی تعلقات استوار کرنے پر مجبور کررہاہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نذیر پر اس سے قبل بھی فیلڈ میں تعینات خواتین کو ہراساں کرنے کے الزامات لگتے آرہے ہیں لیکن خواتین اپنی اور اپنے خاندان کی عزت کے ساتھ ساتھ دور درآز ٹرانسفر کے خدشے کے پیش نظر ہراسانی کا شکار ہوتی آ رہی ہیں مگر اس بار گریڈ 18 کی زونل افسر پلاننگ مہوش نعیم نے سیکرٹری بورڈ کے خلاف میدان میں آنے کا فیصلہ کیا ہے۔