یاسمین نے شوہر کے کہنے پر سوتن کے لے پالک بیٹے اور ہمسائے کو قتل کیا، جیل بھیج دیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر) 2 کم سن بچوں کی موت کا معمہ حل ہو گیا،سوتیلی ماں ہی ملزمہ نکلی۔تھانہ صدر کامونکی کے علاقے گھوماں میں دو کمسن بچوں کی لاشیں ملنے کے واقعے کی گتھی سلجھ گئی، جس میں ملزمہ سوتیلی ماں ہی نکلی۔2 ماہ قبل 2 بچوں کی لاشیں دھان کی فصل سے ملی تھیں۔پولیس کے مطابق 9سالہ وقاص اور7سالہ امیرحمزہ ہمسائے اور دوست تھے۔ صفیہ اوریاسمین دونوں سوتن ہیں۔ صفیہ کو شوہر عرفان بیرون ملک لے کر جانا چاہتا تھا اور اسے لے پالک بچے وقاص کو چھوڑکربیرون ملک آنے کا کہا، جس سے صفیہ نے انکار کیا۔شوہر عرفان نے اپنی پہلی بیوی یاسمین کوکہاکہ وہ صفیہ سے اس بچے کو علیحدہ کرکے مار دے، جس پر یاسمین، اپنی سوتن کے بچے کو ساتھ لے گئی جس پر ہمسائے کا بچہ بھی ساتھ ہی چلا گیا۔ملزمہ یاسمین نے دونوں بچوں کودھان کی فصل میں لے جا کر گلا دباکرقتل کردیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کاشوہرعرفان بھی ریکارڈیافتہ ڈاکو ہے، جوبیرون ملک فرار ہے۔ ملزمہ کوگرفتارکرکے جیل بھیج دیاگیا۔