تحریکِ انصاف صحافیوں کو آن لائن ہراساں کرنے کی مہم چلا رہی ہے، وزیرِ اطلاعات

تحریکِ انصاف صحافیوں کو آن لائن ہراساں کرنے کی مہم چلا رہی ہے، وزیرِ اطلاعات

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) صحافیوں کو آن لائن ہراساں کرنے کی مہم چلا رہی ہے۔

 اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ اس مذموم مہم کا مقصد صحافیوں کو نقصان پہنچانا ہے، اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے بھی صحافیوں کی آن لائن ہراسمنٹ کی شدید مذمت کی ہے۔وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ تحریکِ انصاف کی یہ ایک ٹارگٹڈ کمپین ہے اور سوشل میڈیا پر صحافیوں پر حملے کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایک گروہ بنایا گیا ہے جو صحافیوں کے گھروں تک پہنچنے کی کوشش کر رہا ہے، اور صحافیوں کے بچوں کی تفصیلات اور ایڈریس شیئر کر کے ان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں اور ان کے اہلخانہ کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ان عناصر کے خلاف فیصلہ کُن کارروائی کی جائے گی، اور ان افراد کو گرفتار کر کے عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا واضح ہے، وہ ملک میں انتشار چاہتے ہیں تاکہ دوسرے ممالک اس کا فائدہ اٹھا سکیں۔وزیرِ اطلاعات نے پی ٹی آئی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈی چوک پر دوڑ کیوں لگاتے ہیں، جب کہ انہوں نے پہلے ہی کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے پاس میدان میں مقابلہ کرنے کی سکت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تقسیم اور اختلافات کا شکار ہے، اور خیبر پختونخوا (کے پی) میں پی ٹی آئی کے ارکان نے سول نافرمانی کی کال کو غلط قرار دیا ہے۔عطا تارڑ نے مزید کہا کہ انہوں نے گزشتہ روز علماء کے ساتھ ملاقات کی تھی، جو 18 ہزار مدارس کی نمائندگی کرتے ہیں، اور مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے ایسا حل چاہتے ہیں جس سے طلباء کا نقصان نہ ہو۔