سویلین کا ٹرائل فوجی عدالتوں کوفیصلوں کی اجازت نہیں دے سکتے:آئینی بین سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کو 20 ہزار روپے جرمانہ

بتائیں اے ٹی سی نے ملزموں کی ملٹری کو حوالگی کیسے دی؟  اجازت دینے کا مطلب فوجی عدالتوں کا اختیار تسلیم کرنا ہوگا:جسٹس مسرت ہلالی 
 سپریم کورٹ آئینی ترمیم کے تحت ہی کام کر رہی ہے، جو بھی بینچ بن رہے ہیں نئی ترمیم کے تحت ہی بن رہے ہیں:جسٹس جمال مندوخیل

 اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن )سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے خصوصی عدالتوں کے فیصلے کے خلاف انٹرا اپیل پر سماعت روکنے کی درخواست خارج کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ سپریم کورٹ آئینی ترمیم کے تحت ہی کام کر رہی ہے، جو بھی بینچ بن رہے ہیں نئی ترمیم کے تحت ہی بن رہے ہیں، آئینی ترمیم کا مقدمہ بھی ترمیم کے تحت بننے والا بینچ ہی سنے گا۔انھوں نے یہ ریمارکس پیر کے روزدیے ہیں۔سابق چیف جسٹس پاکستان جواد ایس خواجہ نے سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل جبکہ سینئر قانون دان اعتزاز احسن نے 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں کا فیصلہ ہونے تک سماعت نہ کرنے کی درخواست دائر کی تھی  آئینی بنچ نے فوجی عدالتوں کو کیسز کا فیصلہ سنانے کی اجازت دینے کی حکومتی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت ایک روز کیلئے ملتوی کردی  ۔ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے ملٹری کورٹس میں سویلینز کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کے خلاف اپیلوں پر جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ نے سماعت کی۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس میں کہا کہ ہماری تمام وکلا سے درخواست ہے اس کیس کو مکمل کرنے میں ہماری مدد کریں۔وکیل وزارت دفاع خواجہ حارث نے کہا یہ کہنا ہی غلط ہے کہ سویلین کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل نہیں ہو سکتا، آرمی ایکٹ مسلح افواج کے ساتھ کام کرنے والی پرائیویٹ کمپنیز کے ملازمین پر بھی لاگو ہے۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ وہ تو سویلین کی الگ قسم ہوتی ہے جو آرڈیننس فیکٹری وغیرہ میں کام کرتے ہیں۔ خواجہ حارث نے کہا کہ جی بالکل، آرمی ایکٹ سویلین کی کیٹیگری کی بات ہی کرتا ہے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ آپ کا کیس مگر آرمی ایکٹ کی اس شق میں نہیں آتا۔ جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ اجازت دینے کا مطلب فوجی عدالتوں کا اختیار تسلیم کرنا ہوگا۔سپریم کورٹ نے سابق چیف جسٹس پاکستان جواد ایس خواجہ پر 20 ہزار روپے جرمانہ بھی کر دیا۔