پک اپ ڈرائیور نے 80 خلاف ورزیاں کیں، 4 لاکھ 10 ہزار روپے سے زائد جرمانہ واجب الادا
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور ٹریفک پولیس نے ٹاپ 100 ای چالان ڈیفالٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ٹاپ ٹین ڈیفالٹر پک اپ گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور نے 80 مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی اور اس کے ذمے 4 لاکھ 10 ہزار روپے سے زائد کے ای چالان واجب الادا تھے۔ ای چالان سے بچنے کے لیے ملزم نے گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی، تاہم جعلی نمبر پلیٹ کے باوجود گاڑی پر مزید 21 ہزار روپے کے ای چالان بھی ہو گئے۔ ٹریفک پولیس نے گاڑی قبضے میں لے کر جعلی نمبر پلیٹ لگانے کے الزام میں تھانہ نواں کوٹ میں مقدمہ درج کرلیا اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ای چالان ڈیفالٹرز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے ٹاپ 100 ڈیفالٹر گاڑیوں کی فہرست ای چالان اسکواڈز کو فراہم کرتے ہوئے سیف سٹی کے تعاون سے ان کی مؤثر ٹریکنگ اور گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق ای چالان ڈیفالٹرز کے لیے پولیس کی 14 اہم سروسز کی فراہمی محدود کردی گئی ہے، جبکہ سیف سٹی، پولیس خدمت مراکز اور لائسنسنگ سسٹم کو باہمی طور پر مربوط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرکے ای چالان سے بچنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔