اغوا کاروں نے مغوی کے ہاتھ پائو ں بندھی تصویر اہل خانہ کو بھیج کر فون کیا
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقے مناواں سے 26 سالہ نوجوان تیمور اسلم کے اغوا کا ڈراپ سین ہوگیا، مغوی کو کسی اور نے نہیں اسی کے دوستوں نے اغوا کیا تھا۔ پولیس کے مطابق اغوا کاروں نے مغوی کے ہاتھ پائو ں بندھی تصویر اہل خانہ کو بھیج کر فون کیا اور 15 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مغوی پر تشدد کی ویڈیو اور پولیس کو اطلاع نہ دینے پر دھمکی کی مبینہ آڈیو کال بھی سامنے آئی ہے۔لاہور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تیمور اسلم کو کسی نامعلوم گروہ نے نہیں بلکہ اغوا کی واردات میں مغوی کے 2 دوست ہی ملوث نکلے۔پولیس کے مطابق مغوی کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں سمیت دیگر ذرائع سے ملزمان کو ٹریس کیا گیا۔واقعے کا مقدمہ مغوی کی اہلیہ کی مدعیت میں نامعلوم اغوا کاروں کے خلاف درج کیا گیا تھا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مغوی تیمور اسلم کو فیصل آباد سے بازیاب کرلیا، لاہور پولیس ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے