کراچی(شوبز ڈیسک) اداکار سچل افضل نے کہا ہے کہ خاندان اپنی جگہ لیکن دوست بھی انسان کی زندگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، انسان کے فیصلے، رویہ اور مستقبل پر اس کی دوستی اور محفل کا گہرا اثر پڑتا ہے، اس لیے دوستوں کا انتخاب ہمیشہ سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے۔ ایک انٹرویو کے دوران سچل افضل نے کہا کہ بچپن کی مجھے اتنی زیادہ باتیں تو یاد نہیں، لیکن مجھے یاد ہے کہ میرے تقریباً 20 سے 25 کزنز تھے، ہمارا ایک بڑا خاندان تھا، اس لیے ہم سب مل کر کھیلتے تھے، فلمیں دیکھتے تھے اور ساتھ وقت گزار کر بہت انجوائے کرتے تھے، دوستوں کے ساتھ بھی بہت سی یادیں وابستہ ہیں۔ اداکار نے کہا کہ خاندان اپنی جگہ لیکن دوست انسان کی زندگی میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔سچل افضل نے کہا کہ آپ کی پہچان بھی اکثر آپ کے دوستوں کی وجہ سے ہوتی ہے۔ آپ کے فیصلے بھی آپ کی دوستیوں سے متاثر ہوتے ہیں، چاہے وہ اچھے فیصلے ہوں یا برے۔ کہیں نہ کہیں میں یہ بھی مانتا ہوں کہ آپ کی قسمت بھی آپ کی دوستی اور آپ کی محفل سے متعین ہوتی ہے۔