عوام کو بااختیار بنانے کیلئے جمہوریت، قانون کی حکمرانی، حکمرانوں کا احتساب ضروری ہے، سابق سینیٹر کا بیان
اسلام آباد (آئی این پی )عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سابق سینیٹر افراسیاب خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان پہلی مرتبہ کسی فوجی معاہدے یا دفاعی اتحاد کا حصہ نہیں بنا بلکہ ماضی میں بھی ملک مختلف فوجی اتحادوں کا رکن رہ چکا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ماضی میں سیٹو اور سینٹو کا رکن رہا جبکہ بعد ازاں اسے امریکہ کا نان نیٹو اتحادی بھی قرار دیا گیا، پاکستان کی خارجہ اور دفاعی پالیسی میں فوجی اتحادوں میں شمولیت کوئی نئی بات نہیں ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ماضی کے تجربات سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ بیرونی حمایت اور سرپرستی نے ہمیشہ ملک میں آمریت کو تقویت پہنچائی، کسی بھی ریاست میں عوام کو بااختیار بنانے کے لیے محض بیرونی تعاون یا دفاعی معاہدے کافی نہیں ہوتے بلکہ جمہوری نظام کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔افراسیاب خٹک نے کہا کہ عوامی اختیار کے حقیقی قیام کے لئے جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور حکمرانوں کا احتساب بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، ملک میں مضبوط جمہوری ادارے اور قانون کی بالادستی ہی عوام کے سیاسی اختیار اور ریاستی استحکام کی ضمانت بن سکتے ہیں۔