امیر جماعت کی درخواست رواں ہفتے سماعت کیلئے مقرر کیے جانے کا امکان

 اسلام آباد (آن لائن) وفاقی آئینی عدالت میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دائر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی آئینی درخواست کو باقاعدہ نمبر الاٹ ہونے کے بعد رواں ہفتے سماعت کیلئے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ عدالت نے درخواست پر کوئی اعتراض عائد نہیں کیا اور اسے 26/6 نمبر جاری کر دیا گیا ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے جون کے مہینے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف یہ درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ ناقابل برداشت ہو چکا ہے اور قیمتوں میں اضافہ بنیادی حقوق سے متصادم ہے۔عام طور پر آئینی درخواستوں پر یہ اعتراض لگایا جاتا ہے کہ درخواست گزار نے پہلے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا، لیکن اس بار وفاقی آئینی عدالت نے اس درخواست کو بلا اعتراض منظور کرتے ہوئے کارروائی کے لیے نمبر الاٹ کر دیا۔ قانونی ماہرین کے مطابق درخواست کے نمبر لگنے کے بعد اب اس پر باقاعدہ سماعت کا عمل شروع ہو گا۔