اسما جتک کو دھمکیوں اور اہل خانہ کے قتل کی تحقیقات ،بلوچستان حکومت نے انکوائری کمیٹی قائم کردی

کوئٹہ(آئی این پی )حکومت بلوچستان نے اسما جتک کو مبینہ دھمکیوں اور ان کے اہل خانہ کے قتل کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے باقاعدہ انکوائری کمیٹی قائم کردی۔ کمیٹی کے قیام کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ، جس کے مطابق کمشنر قلات ڈویژن کو انکوائری کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر حب، ڈپٹی کمشنر آواران اور ایس پی حب کمیٹی کے ارکان ہوں گے، ایس پی حب کمیٹی کے سیکرٹری کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق تحقیقاتی اداروں کے نمائندے بھی انکوائری کمیٹی کا حصہ ہوں گے اور واقعہ کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جائے گا۔کمیٹی اسما جتک کو دی جانے والی دھمکیوں، اہل خانہ کے قتل اور اس سے متعلق دیگر معاملات کی تحقیقات کرکے 15 روز کے اندر اپنی رپورٹ حکومت بلوچستان کو پیش کرے گی۔خیال رہے کہ چند دن پہلے اسما جتک نے اپنی اور اہل خانہ کی جان کے تحفظکیلئے قرآن پاک اٹھا کر ویڈیو بنائی تھی، جس کے کچھ ہی گھنٹے بعد ان کے والد کو قتل کر دیا گیا۔