پاکستانی اداکارہ اور پروفیسر تزئین حسین نے اپنی دوسری شادی اور ذاتی زندگی سے متعلق تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی موجودہ شادی سے قبل تعلق کی بنیاد سوشل میڈیا پر پڑی۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تزئین حسین نے کہا کہ ان کی اپنے موجودہ شوہر سے پہلی بات چیت انسٹاگرام کے ذریعے ہوئی، جہاں ایک قریبی دوست نے دونوں کو متعارف کروایا تاکہ دو تنہا افراد ایک دوسرے کو سمجھ سکیں۔اداکارہ کے مطابق دوسری شادی میں تاخیر کی سب سے بڑی وجہ ان کا ذاتی وقت، خود شناسی اور زندگی کو بہتر طور پر سمجھنے کا عمل تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تنہائی کے دور نے انہیں اپنے کردار اور شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو جاننے کا موقع دیا۔
انہوں نے کہا کہ پانچ سال کا یہ وقفہ ان کے لیے ایک اہم خود شناسی کا دور تھا، جس کے بعد وہ زیادہ پُرسکون، مطمئن اور خود آگاہ شخصیت کے طور پر سامنے آئیں۔تزئین حسین نے مزید کہا کہ اب وہ اپنی زندگی کو پہلے سے مختلف انداز میں دیکھتی ہیں اور ذہنی طور پر زیادہ مستحکم محسوس کرتی ہیں۔واضح رہے کہ تزئین حسین نے گزشتہ سال اپریل میں عامر سیدین نامی شخص سے دوسری شادی کی تھی۔