سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی کھوسہ انتقال کر گئے

سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی کھوسہ انتقال کر گئے

سابق گورنر پنجاب اور سینئر سیاستدان سردار ذوالفقار علی کھوسہ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔

ان کی عمر 90 برس تھی اور وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔خاندانی ذرائع کے مطابق سردار ذوالفقار علی کھوسہ کا جسدِ خاکی لاہور سے ڈیرہ غازی خان منتقل کیا جائے گا جبکہ ان کی نمازِ جنازہ کل ڈیرہ غازی خان میں ادا کی جائے گی۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد خان لغاری نے بھی ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔سردار ذوالفقار علی کھوسہ 20 اکتوبر 1935 کو بہادر گڑھ، ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1962 سے 1965 تک مغربی پاکستان اسمبلی میں ڈیرہ غازی خان سے رکن اسمبلی کے طور پر خدمات انجام دیں۔وہ 1970، 1977، 1985، 1988، 1990، 1993، 1997، 2008 اور 2013 کے انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوتے رہے۔ سردار ذوالفقار علی کھوسہ 12 اگست 1999 سے 12 اکتوبر 1999 تک پنجاب کے 31 ویں گورنر بھی رہے، اس وقت صدر محمد رفیق تارڑ اور وزیراعظم نواز شریف تھے۔

اس کے علاوہ وہ 18 فروری 1997 سے 11 اگست 1999 تک حلقہ PP-201 ڈیرہ غازی خان سے اور 3 جولائی 2008 سے 12 مارچ 2012 تک حلقہ PP-243 ڈیرہ غازی خان سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب رہے۔ بعد ازاں 12 مارچ 2012 سے 12 مارچ 2018 تک پنجاب سے سینیٹر بھی رہے۔انہوں نے 2018 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کا انتخاب بھی لڑا تاہم امجد فاروق خان سے شکست ہوئی۔ 2018 کے انتخابات کے بعد وہ کسی سیاسی جماعت سے باضابطہ طور پر وابستہ نہیں رہے۔سردار ذوالفقار علی کھوسہ مختلف ادوار میں مسلم لیگ (ن)، اسلامی جمہوری اتحاد، آزاد حیثیت اور بعد ازاں تحریک انصاف سے بھی وابستہ رہے۔

ان کے تین بیٹے حسام الدین کھوسہ، سیف الدین کھوسہ اور دوست محمد کھوسہ ہیں۔ سردار ذوالفقار علی کھوسہ کا شمار ڈیرہ غازی خان اور جنوبی پنجاب کے بااثر اور سینئر سیاسی رہنماؤں میں کیا جاتا تھا۔